دبئی: پاکستان مسلم لیگ (ن) انٹرنیشنل افیئرز کے چیف کوارڈینیٹر بیرسٹر امجد ملک نے گزشتہ دنوں متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) متحدہ عرب امارات وومن ونگ کی صدر اور سوشل میڈیا ٹیم کی ہیڈ فرزانہ کوثر نے دبئی کے ایک پوش ہوٹل میں ان کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔
تقریب میں پی ایم ایل این، یو اے ای کی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فوزیہ کاشف، پی ایم ایل این، یو اے ای کے صدر محمد غوث قادری، چیئرمین غلام مصطفیٰ مغل، جنرل سیکرٹری راجہ ابو بکر آفندی، عبدالمجید مغل، میاں غلام محی الدین، شیخ شعور قدوس، جان قادر، طاہر بھنڈر، عامر سہیل گھمن، محمد نعیم، محبوب احمد، معظم خان، چودھری راشد فاروق، ملک رشید اعوان اور دیگر لیگی کارکنوں نے شرکت کی۔
اس تقریب میں مسلم لیگ( ن) متحدہ عرب امارات اور سوشل میڈیا ٹیم کے عہدیداروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا اور انہیں نوٹیفکیشن دیئے گئے-
اس موقع پر بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ موجودہ عہدے سینئر لوگوں سے مشاورت اور مسلم لیگ( ن) انٹرنیشنل افیئرزکے صدر اسحاق ڈار کی منظوری سے تفویض کئے گئے ہیں۔ آپ سب کو یہ عہدے مبارک ہوں، میں امید کرتا ہوں کہ آپ تمام اپنے عہدوں سے انصاف کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے لئے دل و جا ن سے کام کریں گے، اپنے قائد محمد نواز شریف کے بیانیے کو آگے بڑھائیں گے اور ووٹ بینک میں اضافہ کریں گے۔
اس موقع پر عبدالمجید مغل کو بزنس ونگ کا صدر مقرر کرتے ہوئے انہیں اعزازی شیلڈ عطاء کی گئی۔ جان قادر کو پی ایم ایل این، یو اے ای مینارٹی ونگ بطریق احسن چلانے پرتعریفی شیلڈ دی اور طاہر بھنڈر کو یوتھ ونگ میں نئی روح پھونکنے، پی ایم ایل این، یو اے ای کے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا اور متحد کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں اعزازی شیلڈ پیش کی۔
مسلم لیگ( ن) انٹرنیشنل افیئرز کے چیف کوارڈینیٹر بیرسٹر امجد ملک نے تقریب منعقد کرنے پرفرزانہ کوثر کا شکریہ ادا کیا اور تقریب میں موجود تمام نئے عہدیداروں کو اپنی اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن نبھانے کی تلقین کی۔