جہلم: محکمہ ریونیو کی جانب سے سسٹم کی بہتری کے لئے عملی اقدامات نہ کئے جا سکے، پھر سے آن لائن سسٹم ڈاؤن ہونے سے شہریوں کو آن لائن اشٹام پیپرز کی فراہمی بند ہوگئی ، شہریوں کو پراپرٹی کی خرید و فروخت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ ریونیو کی جانب سے بہتری کے دعوے ہوا ہو چکے ہیں اور بہتری کی کوشش عوام پر بھاری پڑ رہی ہیں، محکمہ ریونیو کا آن لائن سسٹم بیٹھ جانے کے باعث ایک بار پھر سے آن لائن اشٹام پیپرزکی فراہمی کا سلسلہ تعطل کا شکار ہو چکاہے ، جس کے باعث شہریوں کو اشٹام پیپرز نہیں مل رہے۔
ایک طرف اشٹام فروشوں کا کارروبار ٹھپ ہو رہا ہے ،تو دوسری جانب جائیدادوں کے لین دین اور خرید وفروخت میں شہریوں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ ریونیو کو چاہیے کہ سسٹم کی بہتری کے لئے مناسب اقدامات کرے تاکہ آئے روز سسٹم بیٹھ جانے والے مسئلے سے چھٹکارہ مل سکے۔