جہلم: محکمہ ایکسائز حکام کا جہلم سمیت پنجاب بھر کے 688 ایکسائز انسپکٹروں کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کرانے کا فیصلہ، اس حوالے سے ایکسائز انسپکٹروں کی اسناد ایچ ای سی اور متعلقہ تعلیمی بورڈ کو ارسال کی جائیں گی۔
علاوہ ازیں ایکسائز انسپکٹروں کو ان کی متعلقہ ڈویژن میں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ذرائع کے مطابق ایکسائز حکام نے جہلم سمیت پنجاب بھر میں 688 ایکسائز انسپکٹروں کی سنیارٹی لسٹوں کو مرتب کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے ساتھ ہی مذکورہ انسپکٹروں کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ پتہ چل سکے انسپکٹروں کی بھرتی کے دوران ان کی تصدیق کرائی گئی اور کس نے کون سی پوزیشن حاصل کی۔
ایکسائز انسپکٹروں کی تعلیمی اسناد کے ساتھ ساتھ یہ بھی چیک کیا جائے گا کہ ایکسائز انسپکٹروں کی بھرتی کس ڈویژن میں ہوئی اور وہ اب کس ڈویژن میں ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں۔ ایکسائز انسپکٹروں کو ان کی متعلقہ ڈویژن میں تعینات کیا جائے گا جس کے بعد کسی بھی ایکسائز انسپکٹر کا دوسری ڈویژن میں تبادلہ نہیں ہو سکے گا۔
کئی انسپکٹروں نے سابقہ دور حکومت میں محکمے میں بھرتی ہونے کے بعد اثر ورسوخ سے تبادلے اپنی متعلقہ ڈویژن سے دوسری ڈویژنوں میں کروا لئے جبکہ بھرتی ان کی کسی اور ڈویژن میں ہوئی تھی۔
اس بات کا علم ہونے کے بعد ایکسائز حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ ایکسائز انسپکٹروں کی جس ڈویژن میں بھرتی ہوئی اسی ڈویژن میں تعیناتی عمل میں لائی جائے گی ۔