میلاد النبی ﷺ سے انسانی تہذیب اور ترقی کا راستہ روشن ہو گیا۔ سید عطاء اللہ شاہ بخاری

جہلم: معروف عالم دین سید عطاء اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ میلاد النبی ﷺ سے انسانی تہذیب اور ترقی کا راستہ روشن ہو گیا، نبی پاک ﷺ کا نظام ہی ہمیں آئیڈیل قوم بنا سکتا ہے، دنیائے کفر پر فتح حاصل کرنے کے لئے اسلحہ کے ساتھ ساتھ اطاعت رسول ﷺ بھی ضروری ہے۔
انہوں نے عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آمدِ رسول ﷺ پر دنیا بن سکتی ہے تو نظامِ مصطفی سے دنیاء بچ سکتی ہے، پیغمبر اسلام سے زیادہ آفرین تاریخ ساز انقلاب اور ہستی اور کون ہو سکتی ہے جنہوں نے تاریکیوں کو روشنیوں میں تبدیل کر دیا۔
سید عطاء اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ میلاد النبی ﷺ سے دلوں کے نہاں خانوں میں رشد و ہدایت کی بارش ہونے لگتی ہے، نبی پاک ﷺ نے عرب کے صحراؤں میں عظمت انسانیت کے وہ گلاب مہکائے جن کی خوشبو دل و دماغ کو معطر کرتی رہے گی۔
انہوں نے کہاکہ نبی پاک ﷺ دنیاء کائنات کی وہ عظیم ہستی ہیں جن کے ماتھے کی روشنی سے روشن خیالی جنم لیتی رہے گی ، عالم ارواح میں اللہ تعالیٰ نے نبیوں سے فرمایا تم سب کے بعد میرا آخری نبی حضرت محمد ﷺ آئیں گے۔