جہلم میں سردی شروع ہونے سے قبل ہی بیشتر علاقوں میں گیس کا پریشر کم، خواتین کو مشکلات کا سامنا

جہلم: شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں سردی شروع ہونے سے قبل ہی بیشتر علاقوں میں گیس کا پریشر کم ہونے سے خواتین کو مشکلات کا سامنا، صبح اور شام کے اوقات میں گیس پریشر کم ہونے سے گھریلو خواتین کو گھریلو امور خانہ داری میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سردی شروع ہونے سے قبل ہی شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں گیس کا پریشر کم ہونے لگا جس کے باعث صبح سکول جانے والے بچوں اور دفتروں میں فرائض سرانجام دینے والے ملازمین کو ناشتے کے وقت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شہریوں کے مطابق سردی کا ابھی آغاز ہوا ہے، سوئی نادرن گیس نے آغاز پر ہی سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ شروع کر دی ہے جس کیوجہ سے گھروں میں امور خانہ داری انجام دینے والی خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ گیس سلنڈر اتنے مہنگے ہیں کہ غریب و متوسط افراد کی پہنچ سے دور ہیں پہلے ہی مہنگائی کی وجہ سے جینا دوبھر ہو چکا ہے، مہنگے داموں سلنڈر کے استعمال سے غریب آدمی پر مزید بوجھ بڑھے گا۔