
جہلم: ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ کی زیرصدارت انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
سی او ہیلتھ ڈاکٹر میاں مظہر حیات نے اجلاس میں ڈینگی کے حوالے سے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں سال کے دوران ضلع جہلم میں ڈینگی کے 34 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جو صحت یابی کے بعد ڈسچارج ہو چکے ہیں، انہوں نے بتایا کہ 19 نومبر کے بعد ڈینگی کا کوئی مثبت کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈینگی سرویلنس کے دوران ان ڈور اور آوٹ ڈور مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد نہیں ہوا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے کہا کہ تمام محکموں نے ڈینگی سرویلنس کے حوالے سے اپنے ٹارگٹس کو بخوبی پورا کیا ہے۔ ڈینگی ایک مہلک بیماری ہے اس سے بچاؤ کے لیے اپنے گھروں اور گلی محلوں میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں، احتیاطی تدابیر کو لازمی اپنائیں تاکہ اس خطرناک بیماری سے بچا جا سکے۔