جہلم: مٹی، ریت ، خاکہ سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالیاں عوام کے لئے عذاب بن گئیں ، دوران ٹریفک ٹرالیوں سے اڑنے والی دھول مٹی اور گرد و غبار سے شہری دمہ سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے، ٹریفک پولیس نے چپ سادھ لی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے ریت، خاکہ، مٹی سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالیوں کو بغیر ڈھانپے لے جانے پر سختی سے پابندی عائد کر رکھی ہے مگر جہلم شہرو گردو نواح میں سڑکوں پر سے گزرنے والی ٹریکٹر ٹرالیوں کے ڈرائیورز نے حکومتِ پنجاب کے احکامات کو پاؤں تلے روندتے ہوئے مذاق اڑانا شرو ع کررکھا ہے ۔
دن بھر ٹریکٹر ٹرالیوں سے اڑنے والی دھول مٹی گردو غبار کے باعث نہ صرف شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے بلکہ اس سے دمہ و دیگر مہلک امراض بھی پھیل رہے ہیں مگر ٹریفک پولیس کی جانب سے قانون شکنوں کے خلاف کارروائی نہیں کی جارہی۔
اس حوالے سے شہریوں نے کہا کہ شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں ٹریکٹر ٹرالیوں کی بھر مارہے جس کی وجہ سے شہری آشوب چشم ، گلہ ، ناک و گلے کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں
شہریوں نے ایڈیشنل ڈی آئی جی ٹریفک پولیس مرزا فاران بیگ، ڈی پی او ، ڈی ایس پی ٹریفک سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔