جہلم

امام بارگاہوں میں ہونے والی مجالس کو روکنے کی بجائے انکو سکیورٹی فراہم کی جائے۔ سید اشتیاق کاظمی

جہلم: ہم دھونس دھاندلی کے ساتھ نہیں ، سڑکیں بلاک کرکے نہیں، ٹائر جلا کر نہیں ، ملت ِ پاکستان کو مشکلات میں ڈال کر نہیں بلکہ مذاکرات کی میز پر انتظامی اداروں کو دلائل کے ساتھ سمجھانے کی کوشش کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار سید اشتیاق کاظمی سربراہ رابطہ کمیٹی شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری و ماتم پرپابندی اور اس میں رکاوٹ آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے اور ہمارے شہری حقوق کی پامالی ہے ، ہم ہر شہر میں قافلہ سفیران کربلا لے کر جائیں گے اور انتظامی اداروں اور اعلیٰ حکومتی منصب داروں کو سمجھانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جلوس عزاء مجلس عزاء کے انعقاد پر عزاداروں پر ایف آئی آرز چاک کی گئیں ان ایف آئی آر کو فوری ختم کیا جائے اور گھر یا امام بارگاہوں میں ہونے والی مجالس عزاء داروں کو روکنے کی بجائے ان کو سکیورٹی فراہم کی جائے۔

علامہ سید اشتیاق کاظمی نے مزید کہا کہ تحصیل و ضلع کی امن کمیٹیوں اور مصالحتی کمیٹیوں میں ہماری تعداد نہ ہونے کے برابر ہے ان کمیٹیوں میں ہمارے افراد شریک کئے جائیں جو ملت و مذاہب کی نمائندگی کا حق رکھتے ہیں ، نصاب ِتعلیم کے متنازعہ ابواب کو ختم کرکے تمام مسلمانوں کے لئے متفق نصابِ تعلیم کا حصہ بنایا جائے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ ہم قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی بصیرت افروز راہنمائی میں یہ پیغام گھر گھر پہنچائیں گے۔اس موقع پر سید اصغر بخاری و دیگر عمائدین بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button