غریب عوام حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے تنگ آ چکے ہیں۔ اشرف چغتائی

جہلم: حکومت قانون سازی کی بجائے آرڈنینس جاری کر رہی ہے جس سے عوام کے مسائل جوں کے توں ہی ہیں، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بیروز گاری کو روکنے کے لئے کچھ بھی نہیں کر رہی۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر راہنما اشرف چغتائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے تین سال پورے ہو چکے ہیں لیکن عام آدمی کے حالات دن بدن خراب تر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم، ایل پی جی کے بعد اب بجلی کی قیمتوں میں بھی ہوش ربا اضافہ انتہائی تشویش ناک اور لمحہ فکریہ ہے، حیرت یہ ہے کہ چینی کی قیمت 120 روپے فی کلو ہو چکی ہے، معیشت تباہ حال، عوام بے روزگار ہورہے ہیں، ملک میں غربت تیزی سے بڑھ رہی ہے، معیشت کو مضبوط بنانے کے لئے ضروری ہے کہ 22 کروڑ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پچاس لاکھ گھر دینے کا وعدہ کرنے والوں نے پراپرٹی پر 35فیصد تک ٹیکس لگا کر لوگوں سے چھت چھیننے کا منصوبہ بنالیا ہے، ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری کے باعث پہلے ہی غریب عوام کے لئے اپنا گھربنانا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے، اس پر نااہل حکومتی اقدامات نے عوام کے لئے پرسکون زندگی کا حصول بھی ناممکن بنا دیا ہے، غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے بھی عوام کاجینا محال کر کے رکھ دیا ہے، صنعتیں بند اور عوام بے روز گار ہو رہے ہیں۔
اشرف چغتائی نے کہا کہ اب غریب عوام حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے تنگ آ چکے ہیں، صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے، ملک میں بے یقینی سی صورتحال ہے، حکومت ہر طرف سے کمزور ہو چکی ہے۔