دینہ

نبی کریم ﷺ سے محبت ماہ وسال کی پابند نہیں۔ امیر عبدالقدیر اعوان

دینہ: امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ بعثت رحمت عالم ﷺ مومنین پر اللہ کریم کا بہت بڑا احسان ہے۔عشق و محبت کا اظہار ماہ و سال میں قید نہیں کیا جا سکتا۔ماہ مبارک ربیع الاول تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم دعوی محبت تو کرتے ہیں کیا ہمارے اعمال ہمارا کردار بھی آپ ﷺ کی سنت کے مطابق ہے؟ کہیں دعوی اور شہاد ت میں تضاد تو نہیں۔کیا ہم اپنی خواہشات کو نبی کریم کے حکم پر قربان کرتے ہیں۔اُمتی کا رشتہ ایمانی رشتہ ہے اور جب نسبی رشتہ ایمانی رشتے کے بغیر ہو تو ایمانی رشتہ نسبی رشتے سے بھی فوقیت لے جاتا ہے۔

امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان نے دارالعرفان منارہ میں بعثت رحمت عالم ﷺ کانفرنس میں بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر مسلم کو بھی انصاف اسلام کے زیر نگیں آکر ملا ہے اس پر تاریخ گواہ ہے۔ وطن عزیز اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا ہے اور یہاں اسلام کے نام پر ظلم ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا عدالتی نظام کافرانہ ہے حالانکہ اللہ کریم نے ہمیں بہترین عدالتی نظام عطا فرمایا ہے۔ ہم سارے نظام آزما رہے ہیں لیکن اللہ کریم کے دئیے گئے قوانین ہمیں مشکل لگ رہے ہیں۔یہ ماہ مبارک ہمارے دلوں پر دستک ہے کہ ہم واپس لوٹ آئیں اور ان اصولوں کو اپنائیں جو آپ ﷺ نے ہمیں عطا فرمائے۔

امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ عشق ِ مصطفے ﷺ عملی طور پر ہمارے کردار میں نظر آنا چاہیے۔ یہ کیسا عشق ہے کہ ہم دعوی عشق بھی کر رہے ہیں اس کا اظہار بھی گلی گلی ہو رہا ہے لیکن ہم فرض نمازیں بھی ادا نہیں کر رہے۔

آخر میں انہوں نے خصوصاً سلسلہ عالیہ کے سالکین کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کریم کا بہت بڑا احسان کہ اس نے ہمیں اپنے نام پر جمع ہونے کی توفیق عطا فرمائی ہم سب صرف ایک مقصد کے لیے جمع ہیں اور وہ ہے اللہ کی رضا لہذا اس بات کو ملحوظ خاطر رکھیں اور اس کو اسی طرح خالص رہنے دیں اس میں کسی اور بات کو نہ آنے دیں۔ روز محشر کچھ لوگ ایسے ہوں گے جن پر انبیاء اور شہداء رشک کریں گے اور وہ لوگ وہ ہوں گے جن کا آپس میں تعلق، رشتہ صرف اللہ کے لیے تھا جو صرف اللہ کے لیے آپس میں ملتے تھے۔ نور کے مینار ہوں گے جہاں روز محشر ان کو بٹھایا جائے گا۔ایسے رشتہ کو دیگر رشتوں کی نذر نہ ہونے دیں۔

یادر ہے کہ ماہ ربیع الاول کی نسبت سے سلسلہ عالیہ کے زیر اہتمام ملک بھر میں بعثت رحمت عالم ﷺ کے موضوع پر کانفرنسز کا انعقاد کیا گیا ہے۔ 5 اکتوبر بروز بدھ حضرت جی مد ظلہ العالی کنونشن سنٹر اسلام آباد میں بعثت رحمت عالم ﷺ کانفرنس سے خصوصی خطاب فرمائیں گے اور اجتماعی دعا بھی ہو گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button