جہلم میں جنگلات کی بحالی کے لیے تمام تر ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: مون سون شجرکاری مہم کے تحت محکمہ جنگلات اور حبیب بینک لمیٹڈ کے تعاون سے بجوالہ جنگلات میں ایک ہزار سے زائد پودے لگائے گئے جس میں ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ، ڈی ایف او سدھیر احمد، ڈی او ایجوکیشن ولائت شاہ، حبیب بنک کے نمائندوں سمیت سکول کے بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور پودے لگائے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے 2019 اور 2021 میں لگائے گئے پودوں کا بھی جائزہ لیا جس میں سے 95 فیصد پودے تناور درخت بن کر جنگل کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے محکمہ جنگلات کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ جنگلات کی بحالی کے لیے تمام تر ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں، پودوں کی حفاظت اور نگہداشت پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے تاکہ آئندہ نسلوں کو صاف ستھرا آلودگی سے پاک ماحول مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ شجرکاری ماحول کے تحفظ اور زمین کو سنوارنے کا قدرتی ذریعہ ہے۔ شدید گرمی، سیلاب سے بچاؤ کیلئے شجرکاری مہم انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور سیلاب جیسی قدرتی آفتوں کے آنے کی ایک بڑی وجہ درختوں کی کٹائی ہے، ہمیں اس عمل کو روکنے کیلئے اپنا مناسب کردار ادا کرنا ہو گا۔