پنڈدادنخان میں ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 8 سالہ بچہ جاں بحق، اہل علاقہ کا احتجاج

پنڈدادنخان میں چوروں ڈکیتوں کا راج، گولپور میں ڈکیتی کے دوران 8 سالہ بچے کا قتل، تحصیل بھر میں خوف و ہراس پھیل گیا، اہلیان گولپور کا احتجاج، سڑک بلاک کر دی، فواد چوہدری کا نوٹس، پولیس انتظامیہ کو ملزمان کو جلد گرفتار اور امن امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
تفصیلات کے مطابق پنڈدادنخان سرکل میں آئے روز چوری ڈکیتی کی وارداتیں معمول بن گیا ہے۔ افسوسناک واقعہ گزشتہ رات پنڈدادنخان کے علاقہ گولپور میں محمد اشرف کے گھر پیش آیا جہاں مسلح ڈاکو ڈکیتی کی نیت داخل ہوئے، اس ہی دوران گھر والوں کی آنکھ کھل گئی جس پر ڈاکوؤں نے مبینہ طور پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کی زد میں آکر 8 سالہ عزیفہ شدید زخمی ہو گیا جس کو زخمی حالت میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان شفٹ کیا گیا جہاں پر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے عزیفہ جان کی بازی ہار گیا۔
اہل علاقہ نے پولیس کی نااہلی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے لِلہ پنڈدادنخان روڈ کو بلاک کر دیا جس سے للِہ انٹر چینج خوشاب پنڈدادنخان آنے جانے والی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی، اہلیان علاقہ کا کہنا تھا کہ جب تک ملزمان گرفتار نہیں ہوجاتے احتجاج جاری رہے گا۔
کئی گھنٹے ٹریفک جام رہنے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان نے مظاہرین سے مذکرات کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے اندر ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کرواتے ہوئے روڈ کھلوا دیا جبکہ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے 8 سالہ معصوم بچے کی ہلاکت کے واقعہ پر فوری نوٹس لیتے ہوئے پولیس انتظامیہ کو ملزمان کو جلد گرفتار اور امن امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اہل علاقہ نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے، پنڈدادنخان میں پولیس گشت کے نظام کو موثر بنایا جائے اور قابل افسران تعینات کیے جائیں تاکہ جرائم پیشہ عناصر پر قابو پایا جاسکے۔