پنڈدادنخان میں صفائی کی ابتر صورتحال پر سی او میونسپل کمیٹی عہدے سے فارغ
پنڈدادنخان میں صفائی کی ابتر صورتحال پر سی او میونسپل کمیٹی کو عہدے سے فارغ کر دیا گیا، سی او کی خدمات سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کے حوالے کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے تحصیل پنڈ دادن خان اور کھیوڑہ کا دورہ کیا جہاں علاقے میں صفائی کے ناقص ترین انتظامات تھے۔
مذکورہ چیف آفیسر کو پی ڈی خان اور کھیوڑہ میں پہلے بھی ناقص کارکردگی اور فرائض میں لاپروائی برتنے پر وارننگ جاری کی گئی تھی لیکن چیف آفیسر میونسپل کمیٹی پی ڈی خان کی جانب سے فرائض میں عدم دلچسپی اور عوامی سماجی مسائل حل نہ کرنے پر ڈی سی جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے عہدے سے ہٹا دیا۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ فرائض کی انجام دہی میں لاپروائی برتنے والوں کی جہلم میں کوئی جگہ نہیں ہے عوامی مسائل حل نہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔