جہلم میں قبضہ گروپوں اور تجاوزات مافیا نے گلیوں، بازاروں فٹ پاتھوں کو بھی نرغے میں لے لیا

جہلم: اندرون شہر کی سڑکوں، چوک چوراہوں، بازاروں میں انتظامیہ تجا وزات ختم کرنے میں بری طرح ناکام، تجاوزات کا جن بوتل سے باہر آ گیا۔
میونسپل کمیٹی انتظامیہ نے شہر کے گلی محلوں، بازاروں ،اہم سڑکوں چوک چوراہوں کو قبضہ گروپوں اور تجاوزات مافیا کے حوالے کر رکھا ہے ، مین بازار سمیت شہر کے تمام بازاروں میں تجاوزات کی بھر مار ہو چکی ہے۔ قبضہ گروپوں اور تجاوزات مافیا نے گلیوں، بازاروں فٹ پاتھوں کو بھی اپنے نرغے میں لے لیا ہے ۔
خریداری کے لیے آنے والے صارفین کا اندرون شہر کے گلی کوچوں اور بازاروں میں سے گزرنا مشکل ترین ہو کر رہ گیا ہے، قبضہ گروپوں اور تجاوزات مافیا کو کوئی پوچھنے والا نہیں جسے مبینہ طور پر میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ کے متعلقہ ذمہ داران کی جانب سے فری ہینڈ میسر ہے جس وجہ سے تجاوزات مافیا دلیرانہ انداز میں اپنی منفی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔
شہریوں نے وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری بلدیات سے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم شہر میں قائم ہونے والی تجاوزات کے خاتمے کے لئے خصوصی احکامات جاری کئے جائیں تاکہ خواب غفلت کے مزے لینے والی انتظامیہ بیدار ہو کر شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لئے سنجیدگی کا مظاہر ہ کریں۔