شہری دفاع کی تربیت ہر فرد کے لیے لازمی ہے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم سمیع اللہ فاروق

جہلم: شہری دفاع کی تربیت ہر فرد کے لیے لازمی ہے، کسی ناگہانی صورتحال میں سب سے اہم زمہ داری شہری دفاع کے تربیت یافتہ رضا کاروں کی ہوتی ہے خصوصاً طلبا و طالبات جو ہمارا مستقبل ہیں ان کو لازمی شہری دفاع کی تربیت حاصل کرنی چاہئے۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین جہلم میں عالمی یوم شہری دفاع کے حوالے سے محکمہ سول ڈیفنس اور سماجی تنظیموں کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر محکمہ سول ڈیفنس اور کالج کی طالبات نے شہری دفاع کی فرضی مشق کے دوران ہنگامی امداد کے مختلف طریقوں کی مشق کی۔
ڈپٹی کمشنر نے سول ڈیفنس اور کالج کی طالبات کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی۔ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاشبہ طلباء و طالبات ہمارا مستقبل ہیں اور اس طرح کی تربیت آپ کو زندگی بھر کام آتی ہے، اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ تمام وسائل کے ساتھ آپ کی مدد اور رہنمائی کرنے کے لیے ہر وقت موجود ہے۔