ڈومیلی کے علاقہ بڑاگواہ میں ساتواں سالانہ وقاص کیانی شہید کبڈی فیسٹیول کا انعقاد

ڈومیلی: ساتواں سالانہ وقاص کیانی شہید کی یاد میں کبڈی فیسٹیول کا ڈومیلی کے علاقہ بڑاگواہ میں انعقاد کیاگیا جس میں ضلع بھرسے کبڈی کلبز کی ٹیموں نے شرکت کی۔
فائنل راجہ احسان کیانی سوہاوہ کی ٹیم نے رحمان کاکے شاہ کی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلہ کے بعد شکست دے کر خوبصورت ٹرافی اور پہلا انعام پچاس ہزار اپنے نام کرلیا، رنراپ ٹیم کو چالیس ہزار روپے اور خوبصورت ٹرافی سے نوازا گیا جبکہ تیسری اور چوتھی پوزیشن پر آنے والی ٹیم کو پچیس پچیس ہزار روپے انعام نقد دیاگیا۔
ان کے علاوہ بیسٹ ریڈر بیسٹ سٹاپر کو چھ چھ ہزار روپے نقد انعام دیاگیا، مہمانوں نے اپنے دستے مبارک ہاتھوں سے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، خطہ پوٹھوار کی تاریخ میں سب سے بڑاانعام اور فیسٹیول ہے۔
اس کبڈی فیسٹیول میں ضلع بھر سے سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس میں سیاسی سماجی و مذہبی شخصیت حاجی عمران اسلم مغل فقیرمدینہ، سیاسی سماجی شخصیت راجہ شاہد عزیز، حافظ احسان الٰہی، چوہدری زاہد اختر، مہرعمران رشید، راجہ اسد خان سابق ایم این اے، اخلاق بھٹی، آفتاب بھٹی تھے، اس کبڈی فیسٹیول کے سرپرست اعلی ظفر اقبال کیانی، بلال اظہرکیانی اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل مسلم لیگ نواز اور شیرزمان کیانی تھے۔
ریفری کی ذمہ داریاں پہلوان چوہدری وحیدگجراور چوہدری ظہیر جٹ پہلوان نے اداکی، گراؤنڈ انچارج پہلوان ناصر مسعودکیانی بڑاگواہ اور پہلوان عدیل کیانی بڑاگواہ تھے، مہمانوں کا گراؤنڈ پہنچنے پر شاندار استقبال کیاگیااور پھول اور نوٹ نچھاور کئے گئے۔
چیف آرگنائزر پہلوان راجہ احسان کیانی نے کہا کہ یہ کبڈی فیسٹیول ہر سال جہلم میں منعقد ہوتاتھا لیکن علاقے کے نوجوانوں کو اوپرلانے کیلئے اس بار آبائی گاؤں بڑاگواہ میں فیسٹیول کرایاگیا تاکہ علاقے کے نوجوان کھیلوں میں حصہ لیں گے تومنشیات سے دور رہ سکیں۔ آج کل کی نوجوان نسل جرائم پیشہ سرگرمیوں میں زیادہ پائی جاتی ہے جب میدان آبادہوں گے تو منشیات کاخاتمہ ہوگا، میں تمام کبڈی کھلاڑیوں، مہمانوں اور میڈیانمائندگان کا شکریہ اداکرتاہوں۔