جہلم شہر میں کاروباری طبقے نے من مانے نرخ مقرر کرکے صارفین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیا

جہلم: شہر میں کاروباری طبقے نے من مانے نرخ مقرر کرکے صارفین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کررکھاہے،سبزی ، فروٹ، دودھ ، دہی اور بنیادی ضروریات زندگی کی تمام اشیاء من مانے نرخوں پر فروخت کی جارہی ہیں۔
یہاں تک کہ ہوٹلوں پر چائے کی پیالی 40 روپے میں فروخت کی جارہی ہے اور غریب عوام ہوٹل مالکان کے ظلم کی چکی میں بری طرح پسنے پرمجبور ہیں اور جب کوئی شہری مہنگے داموں اشیاء فروخت کرنے پر احتجاج کرے تو دکاندار حکومت کو برا بھلا کہہ کر تمام تر مہنگائی کا ذمہ دارحکومت کو ٹھہرا دیتے ہیں۔
اس کے برعکس سرکاری ذمہ دارافسران اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مکمل طور پر چشم پوشی اختیار کررکھی ہے اور سب کچھ جاننے کے باوجود خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر سمیت ضلع بھر میں حکومتی رٹ بالکل ناکام ہو چکی ہے ، لہٰذا شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔