اسسٹنٹ کمشنر جہلم کا قصابوں کی دکانوں کا دورہ، زائد نرخوں پر گوشت فروخت کرنے والے قصابوں کو جرمانے

جہلم: اسسٹنٹ کمشنر جہلم نے قصابوں کی دکانوں کا دورہ کیا، زائد نرخوں پر گوشت فروخت کرنے والے قصابوں کو جرمانے کئے ، قصابوں کو ہدایت جاری کی کہ حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق گوشت کی فروخت کو یقینی بنایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر جہلم عامر بٹ نے گزشتہ روز شہریوں کی شکایت پر نوٹس لیتے ہوئے گوشت کی دکانوں کے معائنے کئے اور زائد نرخوں پر گوشت فروخت کرنے والے قصابوں کو جرمانے کئے۔
عامر بٹ نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ قصابوں کو خبردار کیا گیاہے کہ دکانوں کے باہر جالیاں نصب کی جائیں تاکہ کیڑے مکوڑے مچھر مکھیاں گوشت پر نہ بیٹھ سکیں، حشرات کے بیٹھنے سے گوشت جراثیم زدہ ہوجاتا ہے جو کہ مضر صحت ہے۔
انہوں نے کہا کہ قصابوں کو وارننگ دے دی گئی ہے کہ صحت مند جانوروں کو ذبحہ کرکے حکومت کے مقررہ کردہ نرخوں پر فروخت یقینی بنایا جائے، اگر کسی قصاب نے قانون کی خلاف ورزی کی تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر عامر بٹ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ چیک اینڈ بیلنس کانظام فعال ہونے سے شہریوں کو صحت مند گوشت کی فراہمی ممکن ہو گی۔