جہلم: موسم سرما شروع ہوتے ہی جہلم سمیت ضلع بھر میں ڈرائی فروٹس کی مانگ بڑھنے کے ساتھ قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا گیا جبکہ دکاندار من مانی قیمتیں وصول کرنے میں مصروف ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شہر میں مونگ پھلی 730 روپے سے 800 روپے کلو، چلغوزہ6 ہزار روپے سے 7 ہزار روپے فی کلو، بادام 1900 روپے سے 2500 روپے کلو، کا جو 3 ہزار روپے سے 4 ہزار روپے کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔
اس طرح پستہ 3 ہزار روپے سے 3500 کاغذی اخروٹ 800 روپے سے 1200 روپے ، کشمش 700 روپے سے 1 ہزار روپے کلو اور ریوڑی 600 روپے سے 800 روپے کلو گرام فروخت کی جارہی ہے۔
ڈرائی فروٹس فروخت کرنے والے دکانداروں کے مطابق خشک میوہ جات کی عالمی مارکیٹ کی طلب تقریبا 19لاکھ 50 ہزار ٹن سالانہ ہے جبکہ پاکستان سے 10 ہزارٹن خشک میوہ جات برآمد کئے جاتے ہیں جن سے سالانہ 100 ملین ڈالر کا زرمبادلہ کمایا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خشک میوہ جات کی عالمی مارکیٹ کے سالانہ کاروبار کا حجم 35 ارب ڈالر ہے۔ صرف ضلع سوات میں خشک میوہ جات کی پیداوار 73265 ٹن ہے مگر جدید سہولتوں اور پراسیسنگ یونٹس کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہر سال تقریبا 34 ہزارٹن پھل اور خشک میوہ جات خراب ہو جاتے ہیں۔
دوسری جانب شہریوں نے ہوشربا قیمتیں وصول کرنے والے دکانداروں کیخلاف کارروائیاں کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی دکان پر کوئی نرخ نامہ آویزاں نہیں ، زیادہ تر پٹھان ڈرائی فروٹس کاکاروبار کر رہے ہیں۔ جو منہ مانگے دام وصول کرتے ہیں بادام مونگ پھلی ، اخروٹ اور دیگر خشک میوہ جات کی قیمتیں آسمان چھورہی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ خشک میوہ جات ہمارے لیے خواب بن کر رہ گیا ہے ، غریب طبقہ ہمیشہ ہی پستا ہے مگر متعلقہ حکام خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتے دکھائی دیتے ہیں ۔