پنڈدادنخان: سٹی ویلفیئر کونسل پنڈدادنخان کی طرف سے ساڑھے پانچ لاکھ روپے مالیتی کے ٹریکٹر و سکر مشین کے ٹائروں سمیت صفائی کے آلات میونسپل کمیٹی پنڈدادنخان کے حوالے کر دیئے گئے۔
اس سلسلے میں پنڈدادنخان کے شہید ہیڈ کانسٹیبل شیخ نوازش کے بیٹے شیخ گوہر نے پنڈدادنخان کی فلاح کیلئے فنڈز کی صورت میں رقم اکٹھی کر کےسٹی ویلفیئر کونسل( رجسٹرڈ) پنڈدادنخان کے ممبران ملک نیئر اعوان، حاجی اشفاق، چوہدری طاہر ارشاد اور وسیم وغیرہ کے سپرد کی کیونکہ موصوف خود بھی اس تنظیم کا حصہ ہیں۔
انہوں نے باہمی مشاورت سے اس رقم کا بہترین استعمال کرتے ہوئے متذکرہ بالا سامان ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی و اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان اسامہ شیرون اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ملک خرم افتخار کے حوالے کیا۔
اس سلسلے میں ایک انتہائی سادہ تقریب کا اہتمام علامہ اقبال چلڈرن پارک میں کیا گیا تھا۔ پنڈدادنخان میں نئے تعینات ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر کی پارک آمد پر جنرل سیکرٹری تحصیل پریس کلب پنڈدادنخان ملک نیئر اعوان نے اپنی پریس ٹیم کا تعارف کرایا اور سٹی ویلفیئر کونسل رجسٹرڈ پنڈدادنخان کی کاوش انکے سپرد کی۔
اسامہ شیرون اسسٹنٹ کمشنر نے اس کار خیرکے جذبے کو نہ صرف سراہا بلکہ ایک تعریفی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا عندیہ بھی دیا۔ سٹی ویلفیئر کونسل پنڈدادنخان کی طرف سے ملک نیئر اعوان نے شہر پنڈدادنخان میں ترقیاتی و فلاحی کاموں میں بھر پور معاونت بارے اسسٹنٹ کمشنر اسامہ شیرون کو یقین دہانی بھی کرائی۔