حاجی محمد اسلم 34 سالہ خدمات کے بعد ریٹائر، جہانگیر حسین کو اسسٹنٹ سی او کا اضافی چارج دے دیا گیا

پنڈدادنخان: حاجی محمد اسلم 34 سالہ خدمات کے بعد ریٹائر، جہانگیر حسین کو اسسٹنٹ سی او کا اضافی چارج دے دیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ چیف آفیسر ٹاؤن کمیٹی پنڈدادنخان حاجی محمد اسلم 34 سال تحصیل پنڈدادنخان میں اپنی خدمات سر انجام دینے کے بعد ریٹائر ہوگئے جن کی خدمات کے اعتراف میں متعلقہ ادارے سے منسلک افراد اور شہر بھر کے معززین نے ان کی الوداعی تقریب میں شرکت کی اور خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر سابق اسسٹنٹ سی او حاجی محمد اسلم کا کہنا تھا کہ 34 سال سے اس ادارے کے ساتھ وابستہ رہا اور بہت سی نرم گرم یادیں وابستہ ہیں جب کہ شہر کی طرف سے بہت عزت اور خلوص ملا۔ اگر ان کی سروس کے دوران کسی کی حق تلفی ہو تو معذرت خواہ ہوں۔
ان کی جگہ پر تعینات ہونے والے اسسٹنٹ سی او جہانگیر حسین انتہائی ملنسار اور قابل شخصیت کے مالک ہیں جن کا کہنا ہے کہ ان کو دی جانے والی ذمہ داری کو احسن طریقے سے انجام دیں گے جبکہ شہر بھر کے معاملات انتہائی خوش اسلوبی سے نبھائیں گے اور تحصیل پنڈدادنخان کی عوام کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔