جہلم

جہلم شہر میں سیر و تفریح کا فقدان، الطاف پارک بھوت بنگلے میں تبدیل

جہلم: شہر میں سیروتفریح کا فقدان ، سابق گورنر پنجاب الطاف حسین (مرحوم) کے نام سے منسوب پارک بھوت بنگلے میں تبدیل، انتظامیہ کی عدم توجہی سے پارک میں گھاس اور جڑی بوٹیاں اگنے لگیں، پارک میں لگے جھولے غائب، بااثر افراد نے پارک کے اندر مویشی باندھ لئے ، بچے الطاف پارک جانے سے خوفزدہ ہونے لگے۔

تفصیلات کے مطابق سابق گورنر پنجاب الطاف حسین (مرحوم) کے نام سے منسوب پارک میں بچوں کے لئے نصب کئے گئے جھولے غائب کر دیئے گئے جبکہ پارک عدم توجہی کی وجہ سے پارک کے اندرلمبی لمبی گھاس اور جڑی بوٹیاں اگ چکی ہیں جہاں بااثر افراد نے اپنے پالتو مویشی باندھ لئے ہیں۔

بینظیر بھٹو شہید کے دورِ اقتدار میں سابق گورنر پنجاب الطاف حسین( مرحوم) کے نام سے منسوب دریا جہلم کے کنارے لاکھوں روپے مالیت سے پارک تعمیر کروایا گیا جس میں جہلم سمیت ضلع بھر کے بچے پارک کے اندر نصب جھولے جھولتے اور بڑے سیر وسیاحت کے لئے پارک میں آتے تھے۔

موجودہ ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کی عدم توجہی کیوجہ سے شہر کا واحدپارک بھوت بنگلے کی منظر کشی کر رہا ہے پارک کے اندر بڑی بڑی گھاس اور جڑی بوٹیاں اگ چکی ہیں نامعلوم افراد پارک کے اندر نصب جھولے وغیرہ اکھاڑ کر لے جاچکے ہیں اور اس طرح پارک بھوت بنگلے کی منظر کشی کر رہاہے۔

شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے مطالبہ کیا ہے کہ الطاف پارک کو اجاڑنے والے ذمہ داران اور جھولے وغیرہ چوری کرنے والے افراد کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ شہر سمیت ضلع بھر کے بچے شہر کے عین وسط میں واقع الطاف پارک میں جھولے جھول کر لطف اندوز ہو سکیں اور بڑے پرفضا مقام پر آکر واک وغیرہ کرکے صحت مند زندگیاں گزار سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button