جہلماہم خبریں

عمران خان پر قاتلانہ حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ چوہدری غلام احمد زمرد

جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر چوہدری غلام احمد زمرد نے کہا ہے کہ عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کے بزدلانہ واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، ہمارا لیڈر نڈر بہادر اور عوام کے دلوں کی دھڑکن ہے، لانگ مارچ ہمارے قائد کی قیادت میں عوام کر رہے ہیں۔

انہوں نے جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب اپنے قائد عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، قوم کی دعائیں عمران خان کے ساتھ ہیں، ضلع بھر کے عوام ہر حال میں عمران خان کے لانگ مارچ میں اہم کردار ادا کریں گے، موجودہ امپورٹڈ حکومت کی پیدا کردہ مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں اضافے کے باعث ہر شہری پریشان دکھائی دیتا ہے۔

چوہدری غلام احمد زمرد نے کہا کہ جہلم کے شہری دریائے جہلم پل پر عمران خان کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے ویلکم کر یں گے کیونکہ عمران خان نے قوم کو شعور دیا ہے، آج حق اور سچ کیلئے پاکستانی قوم عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، عمران خان کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ صاف شفاف انتخابات کی تاریخ دی جائے تاریخ کے سوا عمران خان کسی قسم کے مذاکرات کو نہیں مانیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام عمران خان کے علاوہ کسی آزمائے ہوئے چور کو ووٹ دینے کیلئے تیار نہیں، لوگ اپنے گھروں کی اشیاء ضروریہ فروخت کرکے بجلی کے بل ادا کر رہے ہیں اور اب حکومت نے کہہ دیا ہے کہ سردیوں میں گیس بھی صارفین کو مہیا نہیں کی جائیگی لیکن ایسا کب تک چلے گا۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ غریب آدمی کا ایک وقت کا کھانا بھی مشکل ہو گیا ہے حکومت کہہ رہی ہے کہ لانگ مارچ میں 2 ہزار افراد شامل ہیں تو اسلام آباد میں 5 ہزار کنٹینرز کھڑے کرکے حصار کیوں قائم کیا گیا ہے ۔

چوہدری غلام احمد زمرد نے کہا کہ ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری فراز حسین کی کال پر صرف چند لمحوں میں جی ٹی روڈ جادہ چوک کے مقام پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں سمیت شہریوں کی کثیر تعداد کا جمع ہونا اس بات کی واضح دلیل ہے کہ ضلع جہلم کے غیور، نڈر، دلیر، شہری پاکستان تحریک انصاف کے قائدعمران خان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بقاء و سلامتی کے لئے عمران خان کا ساتھ دیتے ہوئے آنے والے آزادی مارچ کا حصہ بنیں تاکہ وطن عزیز کو امپورٹڈ چوروں سے آذاد کروایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button