جعلی حشرات کش ادویات بیچنے والے ڈیلرز کے خلاف کارروائیاں نہ ہونا سوالیہ نشان ہے۔ کسان

جہلم: مضافاتی علاقوں میں جعلی حشرات کش ادویات بیچنے والے ڈیلرز کے خلاف کارروائیاں نہ ہونا سوالیہ نشان ہے ، محکمہ زراعت کو جعلی ادویات ، کھادیں اور بیج فروخت کرنے والوں کے خلاف مقدمات کا اندراج کروانا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار کسانوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مضافاتی علاقوں میں جعلی حشرات کش ادویات فروخت کرنے والے ڈیلرز کی بڑی تعداد موجود ہے ، متعلقہ محکمہ کے افسران و ملازمین کی پشت پناہی کیوجہ سے ڈیلرز نے جعلی ادویات ، کھادیں اور بیج فروخت کرنا شروع کررکھے ہیں ۔ جس کیوجہ سے کسانوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
کسانوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ محکمہ زراعت کے افسران کی عدم توجہی کیوجہ سے بیشمار لوگوں نے دکانیں قائم کررکھی ہیں جہاں نقلی اشیاء فروخت کرکے لوٹ مار کی جارہی ہے۔
کسانوں نے کمشنر راولپنڈی ، ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر میں قائم ادویات ، کھادیں ، بیج فروخت کرنے والے دکانداروں کے چیک اینڈ بیلنس کے نظام پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ کسانوں کو پیش آنے والے نقصان سے بچایا جا سکے ۔