لوڈر ٹریکٹر ٹرالیاں اندرون شہر جہلم کی سڑکوں پر رواں دواں، ٹریفک کا جام ہونا معمول بن گیا

جہلم: لوڈر ٹریکٹر ٹرالیاں اندرون شہر کی سڑکوں پر رواں دواں، ٹریفک کا جام ہونا معمول بن گیا، شہری خوف و ہراس میں مبتلا ، ٹریفک پولیس نے شہریوں کے مسائل سے لاتعلقی اختیار کر لی، شہریوں نے ڈی پی او جہلم سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق تعمیراتی سامان سے لوڈ تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالیوں نے شہر بھر کی سڑکوں کو تباہ و برباد کرنے کے بعداب کم عمر ڈرائیوروں کو ذمہ داریاں سونپ رکھی ہیں جو تیز رفتاری کے ساتھ ساتھ اونچی آواز میں ٹیپ ریکارڈر اور کانوں میں ہینڈ فری لگا کر موبائل فون پر گانے سننے کو ترجیح دیتے ہیں جس کی وجہ سے پیچھے سے آنے والی گاڑیاں، کاروں، موٹرسائیکل سواروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ٹریکٹر ٹرالیوں کے مالکان تعمیراتی سامان پرترپال ڈالنے کی بجائے کھلا چھوڑ دیتے ہیں جس کی وجہ سے پیچھے سے آنے والے موٹر سائیکل اور سائیکل سواروں کی آنکھوں میں دھول مٹی پڑتی ہے اور حادثات رونما ہوتے ہیں۔
یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ مضافاتی علاقوں سے اندرون شہر آنے والی ٹریکٹر ٹرالیاں انتہائی دیدہ دلیری کے ساتھ دن کے اوقات میں شہر کے داخلی و خارجی راستوں سے داخل ہوتی ہیں جس کی بنیادی وجہ داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک پولیس کے ذمہ داران کاڈیوٹیوں پر موجود نہ ہونا ہے۔
جی ٹی ایس چوک، شاندار چوک میں ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکاروں کی موجودگی کے باوجود بااثر ڈرائیور ز سڑکوں پر ہی گاڑیاں کھڑی کرکے خریداری کرنی شروع کر دیتے ہیں جبکہ ان مقامات پر نوپارکنگ کے بورڈ بھی آویزاں ہیں۔
شہریوں نے ڈی پی او جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرون شہر کی سڑکوں پر قائم ہونے والے غیر قانونی پارکنگ کے خاتمے کے لئے لفٹر کا استعمال کیا جائے اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک پولیس کے افسران واہلکا روں کو تعینات کیا جائے تاکہ دن کے اوقات میں تعمیرانی سامان لیکر ٹریکٹر ٹرالیاں شہر میں داخل نہ سکیں۔