جہلم میں سستی مچھلی کے نام پر باسی مچھلی کی فروخت عروج پر

جہلم میں باسی مچھلی کی فروخت عروج پر، فوڈ اتھارٹی نے آنکھیں موند لی، باسی مچھلی فروخت کرنے والوں کی چاندی، راتوں رات امیر ہونے کا خواب پورا ہونے لگا، شہریوں کو جان کے لالے پڑ گئے۔
سستی مچھلی کے نام پرجہلم میں جادہ روڈ سے لیکر مشین محلہ نمبر 1، شہراور گردونواح میں باسی مچھلی کی فروخت کا دھندہ عروج پر ہے۔
عوامی سماجی حلقو ں کا کہنا ہے کہ باسی مچھلی کی فروخت قانوناً جرم ہے، عوام سے التماس ہے کہ مضر صحت باسی مچھلی استعمال نہ کریں۔ باسی مچھلی کی علامات سے عوام کو آگا ہ ہونے کی اشد ضرورت ہے، باسی مچھلی کی علامت یہ ہے کہ اس کی جلد اگر چمکدار نہیں ہے تو عوام ہر گز نہ خریدیں، مچھلی کے گلپھڑے سیاہ ہونا بھی باسی ہو نے کی علامت ہے۔
اس کے علاوہ اگر دبانے پر مچھلی کا گوشت واپس اپنی جگہ پر نہ آئے تو سمجھ جائیں کہ یہ مچھلی تازہ نہیں ہے۔ مچھلی کی آنکھیں زیادہ اندر دھنسی ہوں تو وہ باسی ہو گی، پیٹ کو کھولنے پر ڈھانچہ الگ نظر آئے تو ایسی مچھلی بھی مت خریدیں کیونکہ وہ باسی ہو گی، باسی مچھلی کا اندرونی حصہ سرخی مائل کی بجائے سیاہی مائل ہو گا۔
عوامی سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ مچھلی خریدتے وقت ان تمام علامات کو مدنظر رکھنا انتہائی ضروری ہے تا کہ تازہ مچھلی کا انتخاب کیا جا سکے۔