جہلم

ضلعی دفتر بہبود آبادی غیر فعال، متعلقہ افسران فرضی کارروائیاں کر کے سب اچھا ہے کا راگ آلاپنے لگے

جہلم: ضلعی دفتر بہبود آبادی غیر فعال، متعلقہ افسران فرضی کارروائیاں کرکے سب اچھا ہے کا راگ آلاپنے لگے۔ ضلع جہلم کے عوام نے سیکرٹری پاپولیشن سے ضلعی سربراہ کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم ضلعی ہیڈ کوارٹر میں قائم دفتر بہبود آبادی غیر فعال ہونے کی وجہ سے اپنی اہمیت کھونے لگا، متعلقہ ضلعی افسرکے غیر فعال ہونے کی وجہ سے خواتین نے پرائیویٹ ہسپتالوں کا رخ کرنا شروع کردیا ہے۔

چند ماہ قبل تک ضلعی دفتر بہبود ِ آبادی کارکردگی کے لحاظ سے پنجاب بھر میں نمایاں پوزیشن حاصل کر چکا تھا، جس کی وجہ سے خواتین مریضوں کی کثیر تعداد نے بہبودِ آبادی کے مراکز سے رجوع کرنا شروع کررکھا تھا، انتہائی ناقص ایڈمنسٹریشن کی وجہ سے ضلعی دفتر فرضی کارروائیاں کرنے میں مشغول ہو چکا ہے، عملی طور پر محکمہ بہبودِ آبادی کی کوئی کارکردگی موجود نہیں۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ ضلع کچہری کے داخلی گیٹ پر محکمہ بہبودِ آبادی نے ضلع کچہری میں آنے والے سائلین کی آگاہی کے لئے کاؤنٹر قائم کررکھا ہے جو کہ پچھلے کئی ماہ سے ویران پڑا ہے۔

شہری سماجی، رفاعی، فلاحی تنظیموں کے عمائدین نے سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب سلمان اعجازسے ضلعی آفیسر تبدیل کرنے اور فرض شناس، ایماندار آفیسر تعینات کرنے اور محکمہ بہبودِ آبادی ضلع جہلم فعال بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button