عمران خان پر قاتلانہ حملہ، پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان سمیت عوامی حلقوں میں شدید غم وغصہ کی لہر

جہلم: پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے آزادی مارچ میں ان پر قاتلانہ حملہ اور عمران خان کے زخمی ہونے کی اطلاع سے ضلع بھر کے طول وعرض میں پی ٹی آئی رہنماؤں عہد یداروں اور کارکنان سمیت عوامی حلقوں میں شدید غم وغصہ کی لہر دوڑ گئی۔
پی ٹی آئی کے سرگرم کارکنان کی بڑی تعداد مختلف ذرائع سے پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کی خیریت معلوم کرنے کیلئے رابطوں میں مصروف رہے ،پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری فراز حسین سے عوامی رابطوں اور ٹیلی فون کالز کا تانتا بند ھ گیا۔
لوگوں کی بڑی تعداد اس بہیمانہ واقعہ پر شدید غم وغصے کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان اور پوری قیادت سے والہانہ محبت او ر پر خلوص جذبات کے اظہار کیلئے چوہدری فراز حسین سے رابطے میں رہے اور پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کی خیریت دریافت کرنے او رانکی صحت یابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور دعائیں کرتے رہے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے ضلعی رہنما چوہدری فراز حسین نے پارٹی قائد پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کیلئے پرخلوص جذبات کا اظہار کر نے پر ضلع جہلم کے اپنے ہمدرد شیدائیوں اور وفادار سرگرم کارکنان و دیگر شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آور اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے عمران خان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بزدلانہ کارروائی کرنے والے ہمیشہ ناکام رہیں گے اور عمران خان کا حقیقی آزادی مارچ مرحلہ وار پوری قوت کے ساتھ آگے بڑھے گا۔ عمران خان ایک دلیر اور بہادر لیڈر ہے، قاتلانہ حملہ کے ذریعے ان کے حوصلے پست نہیں کئے جا سکتے، صوبہ پنجاب کی عوام پوری طرح پر جوش ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی قیادت کے ساتھ ہیں اور قیاد ت جو بھی فیصلہ کر ے گی، ضلع جہلم کے غیور عوام پوری قو ت کے ساتھ عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔