جہلم کو خوبصورت بنانے اور صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے میں شہری تعاون کریں۔ ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ کی ریڈیو آواز ایف ایم 95 کے لائیو سٹوڈیو پروگرام میں خصوصی شرکت، ضلع بھر میں جاری ماہ صفائی مہم اور عوامی مسائل پر خصوصی گفتگو۔
اس موقع پر انکے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کاشف ڈوگر، سی او بلدیہ شاہد فاروق اور میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر صائم سلیم بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جہلم کو خوبصورت بنانے اور صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے میں انتظامیہ سے تعاون کریں، مہینہ صفائی مہم کے دوران شہر کی گلیوں،سڑکوں اور نالوں کی صفائی ستھرائی کی جائے گی۔
انکا کہنا تھا کہ حالیہ چند دنوں میں کیے جانے والے اقدامات سے شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام میں بہتری آئی ہے ۔ انہوں نے تاجروں ،دوکانداروں اور دیگر پھل و سبزی فروشوں کو ہدایت کی اپنی دوکانوں کے باہر ڈسٹ بن کا انتظام کریں اور جگہ جگہ گندگی نہ پھیلائیں، شہریوں کے تعاون سے ہی اس مہم کو کامیاب بنایا جاسکتا ہے ، بلدیہ کے پاس جلد نئی مشینری بھی آ جائے گی جس سے شہر کے تمام علاقوں سے کچرہ پوائنٹس کو صاف کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام مین ہولز کو بھی کور کر دیا گیا ہے ، 3 ہزار ٹن کچرہ اٹھانے کا ٹارگٹ ہے جس میں سے 6 سو ٹن کچرہ اٹھایا جا چکا ہے ، غیر فعال سٹریٹ لائٹس کو بھی جلد فعال کر دیا جائے گا، ساتھ ہی ساتھ انکا کہنا تھا کہ سینٹری ورکرز ہمارے معاشرے کے ہیرو ہیں، انہیں بھی معاشرے میں اتنی ہی عزت ملنی چاہیے جتنی کسی دوسرے فرد کو ملتی ہے۔