جہلم میں سروس روڈ پر تجاوزات کی بھرمار، سروس روڈ جگہ جگہ سے بند، حادثات معمول بن گئے

جہلم: جادہ چوک سمیت جی ٹی روڈ سے ملحقہ سروس روڈ پر موٹر وے پولیس کی عدم توجہی کے باعث تجاوزات قائم، بااثر دکانداروں کی موجیں، دکانداروں نے سروس روڈ پر دکانیں سجا لیں، این ایچ اے ، موٹر وے پولیس خاموش تماشائی، تجاوزات کے باعث سروس روڈ جگہ جگہ سے بند، حادثات روزانہ کا معمول بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق جادہ چوک اور جی ٹی روڈ سے ملحقہ سروس روڈ پر بااثر کارروباری افراد نے مستقل بنیادوں پر قبضے جما لئے ہیں، جس کی وجہ سے کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف سروس روڈ کا وجود کہیں نظر نہیں آتا۔
سروس روڈ استعمال کرنے والے چھوٹی بڑی گاڑیوں کے ڈرائیورز کی مشکلات میں بھی اضافہ ہو چکا ہے جبکہ موٹر سائیکل سوار اور چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والے ڈرائیورز سروس روڈ بند ہونے کے باعث جی ٹی روڈ کا استعمال کرتے نظر آتے ہیں، جس کی وجہ سے حادثات روزانہ کا معمول بن چکے ہیں۔
اس کی بنیادی وجہ سر وس روڈ پر بااثر افراد نے اپنی اپنی دکانوں کا سامان سجا رکھا ہے اور سروس روڈ پر گاڑیاں کھڑی کرکے سروس روڈ استعمال کرنے والوں کی مشکلات میں اضافہ کر رکھا ہے جبکہ جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف بھی قوانین کو ہوا میں اڑاتے ہوئے گاڑیوں، ٹرکوں، چنگ چی رکشوں سمیت موٹر سائیکلوں کو کھڑا کرنا فیشن بن چکا ہے، جس پر موٹر وے پولیس کے افسران خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سروس روڈ پر تجاوزات قائم ہونے کی وجہ سے مجبوراً ڈرائیورز جی ٹی روڈ پر موٹر سائیکلیں چھوٹی گاڑیاں چلاتے اور خطرات سے کھیلتے نظر آتے ہیں جس کے باعث جی ٹی روڈ پر حادثات بھی رونما ہوتے ہیں اورتجاوزات قائم کرنے والے دکانداروں کے ساتھ لڑائی جھگڑے بھی معمول بن چکے ہیں۔
شہریوں نے آئی جی موٹروے پولیس اور این ایچ اے کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سروس روڈ پر قائم ہونے والی تجاوزات کو ختم کروایا جائے تاکہ سروس روڈ استعمال کرنے والوں کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔