پاسپورٹ دفتر کے باہر لگی لمبی لائنیں بتاتی ہیں کہ ہر شہری بیرون ملک جانا چاہتا ہے۔ صفدر سیٹھی

جہلم: سماجی و کارروباری شخصیت صفدر سیٹھی نے کہا ہے کہ پاسپورٹ دفتر کے باہر لگی لمبی لائنیں بتاتی ہیں کہ پاکستان کا ہر شہری بیرون ملک جانا چاہتا ہے، جو مستقبل کا ایک خوفناک منظر نامہ ہے۔ پاکستانی عوام کس کرب سے گزر رہے ہیں اور ملک بدر کیوں ہورہے ہیں جس کے جو ذمہ دار ہیں ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ۔
انہوں نے جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے ملکی حالات کے پیش نظر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق 2022ء میں تقریباً 7لاکھ 65 ہزار تعلیم یافتہ نوجوان ملک چھوڑ گئے۔ ان میں 92 ہزار اعلی تعلی یافتہ اور پروفیشنل ڈگری ہولڈرز تھے۔ 2021 ء میں 2 لاکھ 25 ہزار پاکستانی بیرون ملک منتقل ہو چکے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے 2سالوں میں 5 ہزار 5 سو 34 انجینئرز نے ملکی حالات سے دلبرداشتہ ہو کر ملک چھوڑا۔ 18 ہزار ایسوسی ایٹ انجینئر ملک چھوڑچکے ہیں ۔ 25 سو ڈاکٹروں نے دیگر ممالک میں نوکریاں حاصل کرلی ہیں۔ 2 ہزار کمپیوٹر ایکسپرٹس اور 12 ہزار کمپیوٹر آپریٹر ملک سے باہر چلے گئے۔
انہوں نے کہا کہ 6 ہزار 5 سو اکاؤنٹنٹ، 9 سو اساتذہ، 16 سوٹرینڈ نرسز نے 2 سال کے اندر اندر ملک چھوڑا جو کہ لمحہ فکریہ ہے ۔ حکمرانوں کو ملکی معیشت کے بارے سوچ وچار کرنا ہوگا تاکہ ملک کے ہونہار نوجوان ملکی کی خدمت کرکے ملک کو ترقی یافتہ بنا سکیں ۔