جہلم

سچ لکھنے والے صحافیوں کو پاکستانی معاشرے میں تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ چوہدری عابد محمود

جہلم پریس کلب الیکٹرانک میڈیا کے صدر چوہدری عابد محمود نے کہا ہے کہ موبائل ہولڈرذ ٹائپسٹ نما صحافیوں کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے، سیاسی جماعتوں کا میڈیا کیخلاف ہمیشہ رویہ کسی نہ کسی شکل میں منفی رہا اور مختلف حیلے بہانوں سے میڈیا کو زیر بار لانے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ بڑی سیاسی جماعتیں اور خصوصی طور پر حکمران جماعتیں اپنے کارکنوں کی بہتر انداز میں تربیت کریں کہ وہ صحافیوں کیساتھ اپنا رویہ مثبت رکھیں، ملک میں جمہورت موجود ہے اور تمام ادارے جمہوری انداز میں کام کرر ہے ہیں ، پھر آئین کا آرٹیکل 19 آزادی صحافت کی ضمانت بھی دیتا ہے۔

چوہدری عابد محمود نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی سے میڈیا کو دباؤ میں رکھنے کے لئے نت نئے قوانین بھی سامنے لائے جاتے رہے ہیں ، تمام تر مشکل حالات کے باوجود صحافی اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے اداکررہے ہیں ، یہ الگ بات ہے کہ صحافیوں کو مختلف طریقوں سے حراساں کیا جاتا ہے ، دلیرانہ اور جرات مند لوگ ہی صحافت کا پیشہ اپنائیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے کارکن اپنے آپ کو اگلی صفوں میں دیکھنا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے سیاسی جماعتوں کے اجتماعات میں ہمیشہ صحافیوں کی تذلیل کی جاتی رہی ہے اور ان کو سیاسی جماعتوں کے اندر ہونے والی مالی بدعنوانیوں کی کوریج کرنے میں کئی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

چوہدری عابد محمود نے کہا کہ صحافیوں کا کام ہے کہ وہ سچ کو سامنے لائیں اور اب سوشل میڈیا پر جو موبائل ہولڈرز اپنے آپ کو صحافی بنا کر پیش کررہے ہیں جھوٹ اور کردار کشی ان کا بنیادی منشور ہے، سچ لکھنے والے صحافیوں کو اس معاشرے میں تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس بھی کرپٹ، بدعنوان کی دم پر پاؤں رکھیں گے تو ردعمل آئیگا اور طرح طرح کے بے بنیاد ، من گھڑت الزامات صحافیوں پر لگائے جاتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button