سادہ غذا اور روزانہ ورزش سے ہی دل کی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر جواد بخت کیانی

جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے شعبہ امراضِ دل کے ڈاکٹر جواد بخت کیانی نے کہا ہے کہ سادہ غذا اور روزانہ ورزش سے ہی دل کی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے، ہر شخص کو صحت مند طرز زندگی اپنانا چاہیے تا کہ مختلف امراض سے بچا جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرغن غذاؤں اور فاسٹ فوڈ سے احتیاط دل کے امراض ، کولسٹرول اور شوگر جیسی بیماریوں سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
ڈاکٹر جواد بخت کیانی نے کہا کہ دل کے امراض سے بچاؤ کا واحد حل سادہ طرز زندگی اور احتیاطی تدابیر ہی ہیں کیونکہ ایک بار دل کے امراض لاحق ہو جا ئیں تو انسان ساری زندگی ادویات کے استعمال پر مجبور ہو جا تا ہے اور اس سے کئی اور پیچیدہ بیماریاں بھی جنم لیتی ہیں۔
انہوں نے شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سگریٹ نوشی سے مکمل اجتناب کریں اور روزانہ ورزش کو اپنی زندگی کا حصہ بنالیں تا کہ تا دیر صحت مند زندگی گزاری جا سکے۔