پنڈدادنخان میں پٹرول نایاب، پٹرول پمپس مالکان نے مافیا کا روپ دھار لیا

پنڈدادنخان: تحصیل پنڈدادنخان میں پٹرول نایاب ہوگیا، پٹرول پمپس مالکان نے مافیا کا روپ دھار لیا، مریضوں کو ہسپتال لانے جانے میں شدید مشکلات کا سامنا، ضلع جہلم کے دوسرے بڑے شہر کے اکلوتے پٹرول پمپ پر پیٹرول ہونے کے باوجود دو ہفتوں سے عوام کو نہیں دیا جارہا، انتظامیہ پٹرول پمپ مالکان کے سامنے بے بس دیکھائی دیتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل پنڈدادنخان میں پیٹرول پمپس پر پٹرول کی مصنوعی قلت کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ آبادی کے لحاظ ضلع جہلم کے دوسرے بڑے شہر کھیوڑہ کے اکلوتے پٹرول پمپ پر کمپنی کی طرف سے پٹرول ملنے کے باوجود بھی نہیں دیا جارہا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قیمت میں اضافے سے قبل مذکورہ پمپ پر کمپنی کی گاڑی پیٹرول دے کر گئی تھی جس کے بعد سے عوام کو تاحال پٹرول نہیں دیا جارہا جبکہ تحصیل بھر میں پٹرول ہونے کے باوجود عوام کو پٹرول نہیں دیا جارہا۔
کچھ پٹرول پمپس پر دو دن 200روپے کا پیٹرول ملتا رہاہے اب وہ بھی نہیں دیا جارہا پٹرول کی مصنوعی قلت کے باعث نظام زندگی بری طرح متاثر ہو رہا ہے آمدو رفت اور مریضوں کو ہسپتال پہنچانا نا مکمن ہوگیاہے جبکہ انتظامیہ ایسے پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی سے گریزاں ہے۔
عوام نے اعلیٰ حکام سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ انتظامیہ کو متحرک کیا جائے اور پٹرول پمپس کے ٹینک چیک کروائے جائیں اور پیٹرول کی مصنوعی قلت برپا کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے ان کے لائسنس منسوخ کئے جائیں جو عوام کے لیے مشکلات کا سبب بن رہے ہیں۔