کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ملک خاور شہزاد

جہلم: ہم کشمیری عوام اور ان کی حق خود ارادیت کی جدوجہد کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں، ہم کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرصدرجہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک خاورشہزاد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری شہداء کا خون رنگ لائے گا اور کشمیر کی فضا میں آزادی کا علم بلند ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر، روہنگیا اور فلسطین کے مسلمان مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ مسلمانوں کے لیے آواز اٹھانا تمام اسلامی ممالک کا اخلاقی، سیاسی اور سفارتی فرض ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’انڈیا میں سمجھدار لوگ موجود ہیں انہیں کشمیر کے مسئلے پر آواز اٹھانی چاہئے۔ کوئی بھی جارحیت اور غیر قانونی قبضہ غیر معینہ مدت تک جاری نہیں رہ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیرکو بڑی جیل میں تبدیل کرنے کے باوجود آزادی پسند کشمیریوں کے جذبے کو د بایا نہیں جاسکا ہے۔ انڈیا کشمیر میں مبینہ طور پرریاستی سرپرستی میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کو فوری طور پر بند کرے اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو ریاست تک بلا روک ٹوک رسائی کی اجازت دے۔
انہوں نےکہا کہ مظلوم کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے اور تنازع کے حل کے حوالے سے عالمی برادری کو اس کی ذمہ داریاں یاد دلانہ ضروری ہے۔ پاکستان کی پوری قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی تھی،ہے اور ہمیشہ رہے گی۔