اینٹی کرپشن راولپنڈی ریجن نے فواد چوہدری کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ اتوار یا پیر کو اسلام آباد پولیس سے فواد چوہدری کی کسٹڈی لی جائے گی۔
بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس سے کسٹڈی لینے کے بعد اینٹی کرپشن اپنی گرفتاری ڈالے گا، فواد چوہدری پر جہلم میں انتظامیہ کے ساتھ مل کر پرل گلوبل ہاؤسنگ سوسائٹی میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات جاری ہیں۔
اس حوالے سے راولپنڈی اینٹی کرپشن نے لدھڑ ہاؤس میں فواد چوہدری اور بھائیوں کی طلبی کا سمن بھی پہنچا دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فواد چوہدری، فراز چوہدری اور ان کی کزن چوہدری فوق شیرباز کے خلاف ثبوت حاصل کرلئے گئے ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ دوران وزارت اختیارات کا ناجائز استعمال کرکے کرپشن کی گئی۔ پرل گلوبل ہاؤسنگ سوسائٹی میں مبینہ سرکاری زمینیں ہڑپ کی گئیں۔
تحقیقات سے زمینوں کی خرید و فروخت میں گھپلے، عوام کا سرمایہ ڈوبنے کا خطرہ اور جعلی فائلز کا دھندہ سامنے آئے گا۔
یاد رہے کہ ہفتہ کے روز سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا گیا۔ فواد چوہدری کو اسلام آباد میں ان کی رہائشگاہ سے گرفتار کیا گیا ہے جس کی تصدیق ان کے بھائی فیصل چوہدری اور ان کی اہلیہ حبا فواد نے کردی ہے۔