
جہلم: ماہ صیام میں ملک بھر کی طرح جہلم شہر میں بھی اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو پر لگ گئے، گرانفروشوں نے لوٹ مار کا سلسلہ عروج پر پہنچا دیا، دکانداروں نے مرضی کے نرخ مقرر کر لئے۔
ضلعی انتظامیہ اور حکومتی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس دفتروں تک محدود ہے، بااثردکانداروں نے مصنوعی مہنگائی پیدا کرکے عوام کا خون نچوڑنا شروع کر دیا، ضلع بھر میں گڈ گورننس کے فقدان اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی بے حسی کے باعث اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کر دیاگیا ہے۔
دکاندار اپنی مرضی کے نرخ مقرر کرکے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں ، مگر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں۔ گرانفروش، پھلوں، سبزیوں، گوشت، انڈوں، دالوں و دیگر اشیاء خوردونوش مہنگے داموں فروخت کررہے ہیں۔
دورانِ سروے عوام نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ خود ساختہ مہنگائی کرنے والوں کے سامنے بے بس دکھائی دیتی ہے ، یوں لگتا ہے کہ ضلع بھر میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں اور یہاں ، جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا راج قائم ہو چکا ہے ، انتظامیہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے جس کی وجہ سے صارفین مشکلات سے دوچار ہیں۔
شہریوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔