
دینہ: کمشنر راولپنڈی ڈویژن نورالامین مینگل نے ضلع جہلم کے رمضان بازاروں کا دورہ کیا۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ کے ہمراہ رمضان بازار سوہاوہ، دینہ اور جہلم مشین محلہ نمبر 2 میں قائم رمضان بازار کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرز، مارکیٹ کمیٹی، مونسپل کمیٹی کے علاوہ دیگر محکموں کے عہدیداران بھی موجود تھے۔
کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے رمضان بازاروں میں اشیاء خوردو نوش کے اسٹالز کے علاوہ ایگری کلچر فیئر پرائس شاپس، سستی چینی و سستا آٹا اسٹالز کا خصوصی طور پر معائنہ کیا اور اشیاء کی مقدار و معیار کو چیک کیا۔
اس موقع پر نورالامین مینگل نے کہا کہ رمضان المبارک میں عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی حکومت اور انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دورے کا مقصد انتظامات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ مہیا کی جانے والی سہولیات کو مزید بہتر بنانا ہے۔ رمضان المبارک کے بابرکت ماہ میں اشیاء خورد و نوش کی مناسب نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، رمضان بازاروں کے قیام کا مقصد ہی اشیاء خوردونوش کے معیاری اور سستے داموں فروخت کو یقینی بنانا ہے۔
کمشنر نورالامین مینگل نے جی ٹی روڈ دینہ پر پڑے کچرے کے ڈھیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سی او بلدیہ دینہ کو سختی سے ہدایت کی کہ وہاں سے کچرے کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے۔
بعد ازاں نور الامین مینگل نے ضلع کچہری جہلم میں قائم ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس جہلم میں آئے ہوئے سائلین کی شکایات کو بھی سنا اور موقع پر حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔