
جہلم: شہر میں مہنگائی کا ایک اور طوفان آگیا، مختلف کمپنیوں نے جوسز، ڈبے والا دودھ، صرف، باتھ سوپ کی قیمتوں میں 5 سے 100 روپے تک اضافہ کر دیا، باتھ سوپ کا وزن بھی 115 گرام سے کم کر کے 90 گرام کردیا گیا۔
ہر روز اشیائے خورونوش کی بڑھتی قیمتوں نے شہریوں کو پریشان کردیا ہے، آج ایک بار پھر سے مہنگائی کا طوفان آیا ہے، کپڑے دھونے والے صابن 60 سے 100 روپے تک مہنگے ہوگئے ہیں، برانڈڈ جوس کا چھوٹا ڈبہ 40 سے بڑھ کر 45 اور ایک لیٹر کا ڈبہ 220 سے بڑھ کر 240 روپے کا ہوگیا ہے جبکہ یوٹیلٹی سٹورز پر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت دیکھی جارہی ہے۔
ڈبے والا دودھ 200 سے بڑھ کر220، ایک کلو کے صرف کے پیکٹ کی قیمت 450 سے بڑھ کر 500 روپے ہوگئی ہے۔ مختلف کمپنیوں نے باتھ سوپ کی قیمتیں بڑھا کر وزن کم کردیا ہے، باتھ سوپ کی قیمت 60 روپے سے بڑھ کر 90 روپے ہوگئی ہے۔ شہریوں نے وفاقی اور پنجاب حکومت سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔