جہلم

کیبل ٹی وی چینلز پر جعلی ادویات اور دواخانوں کے اشتہارات بند کروائے جائیں۔ شہری

جہلم: کیبل پر مختلف جعلی ادویات اور دواخانوں کے اشتہارات بند کروائے جائیں، ان دواؤں کے کھانے سے شہری مختلف امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ شہریوں کا ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کے مختلف علاقوں میں جنسی امراض، مردانہ کمزوری، اعصابی کمزوری، جریان اور احتلام کے امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے کئی سنیاسی دواخانے کھل چکے ہیں جو کہ ذرائع کے مطابق اپنی دواؤں میں سٹیراییڈ استعمال کر رہے ہیں جس سے شہری ان سے جلد آرام آنے کی صورت میں مزید امراض میں مبتلا ہورہے ہیں جن میں گردوں کے امراض سب سے زیادہ ہیں۔

شہریوں نے کہا کہ ان نیم حکیم عطائی ڈاکٹروں نے دواخانے کھولنے کے علاوہ اب ٹی وی کیبل پر بھی اشتہارات شروع کر رکھے ہیں جو کہ فیملی کے ساتھ بیٹھ کر دیکھے بھی نہیں جاسکتے اور ان اشتہارات کی وجہ سے کئی لوگ ان کے دام میں پھنس جاتے ہیں اور ایسے لوگ پھر کئی امراض کا شکار بن کر جلد موت کے منہ میں بھی چلے جاتے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ جنسی امراض کی دوائیں نہایت ہی مہنگے داموں پر یہ لوگ فروخت کرتے ہیں ان کی دواؤں سے مریض جلد صحت یاب تو ہوجاتا ہے لیکن ان کی دواؤں میں سٹیرائیڈ شامل ہونے سے اس کے بعد یہ کئی دوسرے امراض میں بھی مبتلا ہوجاتے ہیں۔ ویاگرا کے طرز کی بنائی ہوئی کئی دواؤں سے مریض اپنے گردے بھی خراب کروا بیٹھے۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ کیبل پر چلنے والے ان سنیاسی دواخانوں کے اشتہارات بند کروائیں جائیں جبکہ محکمہ صحت کے ارباب اختیار سے مطالبہ ہے کہ شہر کے کئی علاقوں میں کھلنے والے ان دواخانوں کو چیک کیا جائے اور ان کی دواؤں کو لیبارٹریوں میں بھی چیک کروایا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button