عید میلاد النبی ﷺ کی آمد آمد، میونسپل کمیٹی جہلم کی یقین دہانیوں کے باوجود تجاوزات کا خاتمہ نہ ہو سکا

جہلم: عید میلادالنبی ﷺ کی آمد آمد، میونسپل کمیٹی کی یقین دہانیوں کے باوجود تجا وزات کا خاتمہ نہ ہو سکا۔ شہر اور گردونواح میں جلوس روٹس پرگلیوں کی مرمت، آئیسکو ٹرانسفارمر ٹرالیوں کا نہ ہٹانا سرکاری اداروں کی کارکردگی سوالیہ نشان ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر و گردونواح میں جگہ جگہ گلیوں و سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ سڑکوں اور گلیوں میں جا بجا آئیسکو کے ٹرانسفارمر کی ٹرالیاں اور تعمیراتی مٹیریل نے گلیوں اور سڑکوں کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا، وہیں تجاوزات کی وجہ سے عوام الناس کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اس سلسلہ میں کچھ دن قبل میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ نے 12 ربیع الاول سے پہلے گلیوں میں گڑھوں کی مرمت واپڈا کے ٹرانسفارمرکی ٹرالیاں اور تعمیراتی مٹیریل کو راستوں سے ہٹانے کا وعدہ کیا تھا مگر تا حال انتظامیہ کی طرف سے کسی قسم کی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی آئیسکو سرکل جہلم کے ذمہ داران نے ٹرانسفارمر ٹرالیوں کو ہٹانے کا کوئی بندوبست کیا گیا جبکہ مختلف راستوں پر موجود تعمیراتی میٹریل گندگی کے ڈھیر انتظامیہ کو منہ چڑا رہے ہیں۔
ربیع الاول کی آمد کے ساتھ ہی عاشقانِ مصطفی آخری نبی حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی محبت وعقیدت کا اظہار کرنے کے لیے درود وسلام کی صدائیں بلند کرتے ہیں مگر مسلمانوں کے مذہبی جذبات کوسمجھنے سے عاری مقامی افسران نے تا حال عید میلاد النبی کے سلسلے میں انتظامات مکمل نہیں کئے۔
یاد رہے کہ عید میلاد النبیﷺ کے مرکزی جلوسوں کے راستوں میں شہر کی تقریبا 70 فیصد گلیوں اور سڑکوں کی کھدائی کی وجہ سے تباہ و برباد ہو چکی ہیں اور تاحال ان کی مرمت کے لیے کوئی خاطر خواہ بندوبست نہیں کیا گیا اور جا بجا کھدائی کی وجہ سے گلیوں میں نکاسی آب کے گھبیر مسائل پیدا ہو چکے ہیں ، سٹریٹ لائٹس کا نظام بھی مکمل درہم برہم ہے جس کی وجہ سے جلوسوں کے شرکاء میں کافی بے چینی اور پر یشانی پائی جاتی ہے۔
عوامی، شہری، مذہبی تنظیموں کے عمائدین نے کمشنر راولپنڈی، آئیسکو چیف اسلام آباد سے عید میلادالنبی سے قبل جلوسوں کے روٹس پر تمام انتظامات اور معاملات کو مکمل کرنے کا مطالبہ کیاہے تا کہ عوام الناس اور عید میلادالنبی کے جلوسوں کے شرکاء کو در پیش مسائل کا ازالہ ہو سکے۔