جہلم

جہلم کے تعلیمی اداروں میں کینٹین مالکان مضر صحت اشیاء بچوں میں فروخت کرنے لگے

جہلم: شہر اور گردونواح کے سرکاری و نجی سکولوں و کالجز کی انتظامیہ نے بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے تعلیمی اداروں کے اندر کینٹینز وغیرہ ٹھیکے پر دے رکھی ہیں۔

کینٹین مالکان حفظانِ صحت کے اصولوں کے عین مطابق روزانہ کی بنیاد پر تازہ سموسے پکوڑے ، نان، رول، ٹکیاں تیار کرنے کی بجائے باسی مضر صحت دکانوں سے خرید کر بچوں میں فروخت کررہے ہیں، جن کے استعمال سے طلباء و طالبات موذی امراض میں مبتلا ہورہے ہیں ۔ جبکہ بعض سکولوں میں باسی اشیاء فروخت کرنے کی شکایات بھی سامنے آرہی ہیں۔

اس بارے طلباء کے والدین نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سکولوں میں ناقص و غیر معیاری اشیاء کے استعمال سے بچے شدید متاثر ہو رہے ہیں اور آئے روز پیٹ درد، گلے کی خرابی جیسی بیماریوں کی شکایات بھی سامنے آرہی ہیں۔

بچوں کے والدین نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری و نجی سکولوں، کالجز میں قائم کینٹینوں کے مالکان کو پنجاب فوڈ اتھارٹیز کے ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے اور حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق روزانہ کی بنیاد پر تازہ اشیاء خوردونوش تیار کر کے فروخت کرنے کا پابند بنایا جائے جبکہ سلانٹی، نمکو، کولڈ ڈرنکس وغیرہ کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کروائی جائے تا کہ بچے بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button