اسلام کا ہر حکم ہر جگہ کیلئے اعلی ترین ہے جس پر عمل کر کے ہر کوئی استفادہ حاصل کر سکتا ہے۔ امیر عبدالقدیر اعوان

دینہ: زکوۃ کی ادائیگی ،نماز کا قیام اور والدین کے ساتھ حسن سلوک یہ دین کے بنیادی احکامات ہیں جن کی ادائیگی ہم پر فرض عین ہے ،ان اعمال کے اختیار کرنے سے معاشرے میں ایک خوبصورت نکھار پیداہوتا ہے ،لوگوں کے ساتھ بلا تفریق خوبصورت کلام کرنا ،تبلیغ دین اور اشاعت دین کی بہترین صورت ہے اور ہماری عملی زندگی دوسروں تک دین اسلام کی دعوت پہنچانے کا بہترین طریقہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان کا دوروزہ ماہانہ روحانی اجتماع کے موقع پر سالکین کی بہت بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں زکوۃ کا حکم ایسا خوبصورت عمل ہے کہ یہ نظام زکوۃ دولت کو ایک جگہ جمع نہیں ہونے دیتا بلکہ اس نظام میں دولت گردش کرتی رہتی ہے ،اس سے آپ کی دولت پاک ہوتی ہے اس میں مزید برکت آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دین اسلام کا ہر حکم ہر جگہ کے لیے اعلی ترین ہے جس پر عمل کر کے ہر کوئی استفادہ حاصل کر سکتا ہے ،اللہ کریم کے احکامات ہی دین اسلام ہے اور ہم تک پہنچنے کا سبب انبیاء کرام مبعوث فرمائے ،دین اسلام پر عمل پیرا ہونے کا انداز ،طریقہ ،حدود و قیود ہر پہلو وہ ہے جس کی راہنمائی نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمائی ہے ،نبی کریم ﷺ کی حیات مبارکہ سے ہر طرح کے پہلو کی راہنمائی ملتی ہے ،زندگی کے عمومی حصوں سے لے کر خصوصی حصوں تک ہر طرح کی راہنمائی میسر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کریم کا احسان کہ ہمیں کیفیات قلبی عطا فرمائیں ،ہمارے پاس ہر طرح کی تحریر اور تقریر موجود ہے جس سے سالکین ہر طرح سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں، ہمارا یہ مل بیٹھنا اللہ کی رضا کے لیے ہے اس کی خوشنودی کے لیے ہے ،اتباع محمد الرسول اللہ ﷺ کے لیے ہے اجتماع پر آنا ،مل بیٹھنا ،کہنا سننا اس کو عمومی نہ جانیں اس کو خصوصی جانیں اور نفلی معتکف کی حیثیت سے اپنا وقت بسر کریں گپ شپ یا کھانے پینے کے لیے اس وقت کو جو آپ نے اجتماع کے لیے وقف کیا ہے ضائع نہ کریں ،جس مقصد کے لیے آئے ہیں اسے حاصل کریں،ہر گزرتا لمحہ ہماری زندگی سے کم ہو رہا ہے ،آخرت کی فکر کریں اور اس کی تیاری کریں۔