دینہ شہرکے گنجان آبادگلی محلے گندگی کی آماجگاہ میں تبدیل، مکین موذی امراض کا شکار ہونے لگے

دینہ: شہرکے گنجان آباد علاقے ذمہ داران کی نا اہلی و عدم توجہی کے باعث گلی محلوں میں گندگی سے مچھروں کی افزائش میں غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے جبکہ منتخب نمائندگان کی عدم دلچسپی کیوجہ سے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کر کھنڈرات میں تبدیل ہو رہی ہیں۔
کھلے مین ہول ، گلیوں اور بازاروں میں کھڑا گندا پانی محلوں اور رہائشی کالونیوں کی پہنچان بن چکے ہیں ، گلی محلوں میں روز بروز بڑھتی ہوئی گندگی اور غلاظت کیو جہ سے کمسن بچوں سمیت شہری مختلف امراض کا شکار ہورہے ہیں۔
اس حوالے سے شہریوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اگر میونسپل کارپوریشن کا شعبہ سینٹیشن کے سینٹری ورکرز ایمانداری کے ساتھ شہر کے گلی محلوں میں صفائی ستھرائی کاکام سرانجام دیں تو بیماریوں سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ میونسپل کارپوریشن کی انتظامیہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔
شہریوں نے کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر سے بھر پور مطالبہ کیاہے کہ شہر کے گنجان آباد علاقوں کے گلی محلوں اور کالونیوں کے مکینوں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروانے کے ساتھ ساتھ غفلت و لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والے میونسپل کارپوریشن کے اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔