
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفود کے تبادلوں سے تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، حکومت پاکستان نے کورونا کی تمام لہروں کا کامیاب حکمت عملی سے مقابلہ کیا، کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون سے نمٹنے کے لئے بھی حکومت پاکستان بہتر حکمت عملی پر کاربند ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاقات کے لئے آئے برطانیہ کے ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں فلم، ڈرامہ، فیک نیوز، دوطرفہ تجارتی و سرمایہ کاری مواقع کے فروغ اور کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں کورونا وباء کی صورتحال دنیا کے دیگر ممالک کی نسبت کافی بہتر ہے، حکومت نے شہریوں کی ویکسینیشن کے مقررہ اہداف پورے کئے۔
فیک نیوز کا ذکر کرتے ہوئے چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پوری دنیا کو فیک نیوز کا چیلنج درپیش ہے، ٹیکنالوجی کے زیادہ استعمال سے فیک نیوز اور جعلی خبروں کے مسائل نے جنم لیا، فیک نیوز کے خاتمے کے لئے عالمی سطح پر کوششیں ہونی چاہئیں۔
چوہدری فواد حسین نے پاکستان میں فلم انڈسٹری کی بحالی کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فلم اور ڈراما کسی بھی ملک کی ثقافت اور مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ملاقات میں پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی (75 سالہ تقریبات) اور لارڈ ماؤنٹ بیٹن پر دستاویزی فلمز بنانے پر بھی اتفاق ہوا، بی بی سی اور پی ٹی وی اس ضمن میں مل کر دستاویزی فلم تیار کریں گے۔
برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر نے حکومت پاکستان کی کورونا وبائسے نمٹنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے جریدوں نے حکومت پاکستان کی کورونا وباء سے نمٹنے کے لئے سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کی تعریف کی ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔