ٹریفک قوانین کی پابندی کر کے زندگی کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ ملک مظہر حسین

جہلم: ملک مظہر حسین نے کہا کہ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے مگر ٹریفک قوانین کی پابندی کر کے زندگی کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔
اسسٹنٹ سب انسپکٹر ٹریفک پولیس ملک مظہر حسین نے اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک حادثات کی وجہ سے ہر سال درجنوں جانیں ضائع اور بے شمار لوگ زندگی بھر کے لئے معذور ہو جاتے ہیں جس کی بڑی وجہ دوران ڈرائیونگ غفلت اور تیزرفتاری ہے، دوران ڈرائیونگ موبائل کا استعمال بھی حادثات کا باعث بنتا ہے، ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے اپنی اوردوسروں کی زندگیاں محفوظ بنائی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل چلاتے وقت موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کا استعمال لازمی کریں جبکہ دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال سے مکمل اجتناب کرنا چاہیے ، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے اشارے اور دیگرآلات کی تسلی کرنی چاہیے۔ ون ویلنگ کرنا موت کو دعوت دینے کے مترادف ہے والدین کو چاہیے کہ کم عمر بچوں کو ڈرائیونگ نہ کرنے دیں۔
اسسٹنٹ سب انسپکٹر ٹریفک پولیس نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرکے اپنی اور دوسروں کی جانوں کو بچایا جا سکتا ہے ۔