جہلم

سیکرٹری یونین کونسلز نے شہریوں سے من مرضی کی فیسیں وصول کرنی شروع کر دیں

جہلم: شہر سمیت ضلع بھرمیں محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی گرفت کمزور سیکرٹری یونین کونسلز نے شہریوں سے من مرضی کی فیسیں وصول کرنی شروع کر دیں، محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی طرف سے آج تک کوئی کھلی کچہری منعقد نہیں کی گئی، شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں موجود محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی گرفت کمزور ہونے کی وجہ سے یو نین کونسلز کے سیکرٹریوں نے مقررہ کردہ فیسوں سے کئی گنا اضافی فیسیں وصول کرنی شروع کررکھی ہیں۔ اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ سیکرٹری اضافی فیسیں وصول کرنے کے لئے کئی کئی روز تک شہریوں کو ذلیل و خوار کرتے ہیں۔

جو شہری سیکرٹریوں کو من مرضی کی فیس ادا نہ کرے انہیں کئی کئی روز تک یونین کونسلز کے چکر لگوائے جاتے ہیں، حالانکہ حکومت پنجاب نے جو فیسیں مقرر کی ہیں ان پر کسی یونین کونسلز میں بھی عملدرآمد ہوتا دکھائی نہیں دیتا بلکہ مقررہ فیسوں سے کئی گنا اضافی پیسے وصول کئے جاتے ہیں۔

دوسری جانب حکومت پنجاب نے کمپیوٹرائزڈ پیدائش و اموات نکاح و طلاق سرٹیفکیٹ کیلئے 200 روپے ،پیدائش لیٹ اندراج 60 دن کے بعد اور 7 سال تک 200 روپے, پیدائش لیٹ اندراج 7 سال بعد 0 0 3 روپے، اندراج پیدائش غیر ملکی شہری 2000 روپے پیدائش اندراج، بیرون ملک پیدا ہونے والے پاکستانی 1000 روپے، موت کا لیٹ اندراج 1000 روپے اور درستگی یا تبدیلی میں 500 روپے فیسیں مقرر کر رکھی ہیں جبکہ متعلقہ محکمہ کے ذمہ داران کی عدم توجہی کی وجہ سے سیکرٹریز یونین کونسلز نے من مرضی کی فیسیں وصول کرنا معمول بنا رکھا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی جانب سے شہریوں کی شکایات کے اذالے کے لئے کھلی کچہریوں کا انعقاد نہیں کیا جاتا جس کی وجہ سے یونین کونسلزکے سیکرٹریز نے جنگل کا قانون نافذ کر رکھا ہے۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم سمیت پنجاب بھر میں محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے ضلعی آفیسران کو یونین کونسلز میں کھلی کچہریوں کے انعقاد کا پابند بنایا جائے تاکہ جنگل کے قانون کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button