اربوں روپے سالانہ ٹیکس ادا کرنے والی تحصیل پنڈدادنخان کی سڑکیں کھنڈر، حادثات معمول بن گئے

پنڈدادنخان: حکومت کو اربوں روپے سالانہ ٹیکس ادا کرنے والی تحصیل پنڈدادنخان کی سڑکیں کھنڈر، حادثات معمول بن گئے۔ لِلہ تا جہلم ڈیول وے کیرج منصوبہ لٹکنے سے سڑک پر سفر کرنا انتہائی دشوار ہوگیا، کوئی بھی سیاسی پارٹی ہو ہمارے مسائل پر صرف الیکشن کمپین کرتے ہیں مسائل حل نہیں ہوتے، سیاسی نمائندے الیکشن کے دنوں کے علاوہ نظر نہیں آتے، علاقہ مکین سیاسی نمائندوں سے نالاں، گورنر پنجاب نے بھی لِلہ انٹر چینج تا کھیوڑہ کھنڈر سڑک پر سفر کیا، عوام نے سوشل میڈیا پر سوالوں کے انبار لگا دئیے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے دورے حکومت میں شروع ہونے والا منصوبہ لِلہ تا جہلم ڈیول وے کیرج التوا ہونے کے باعث علاقہ مکینوں کے ساتھ ساتھ کان نمک کی سیر کو آنے والے سیاحوں اور ٹرانسپورٹر حضرات کے لیے عذاب بن گیا۔
حکومت بدلنے کے بعد منصوبے پر کام روک دیا گیا، بعد ازاں مسلم لیگ ن نے کام شروع تو کروایا لیکن منصوبہ کی تکمیل کے لیے بجٹ ریلیز نہ کیا جس کے باعث ٹھیکیدار کام چھوڑ کر چلے گئے جبکہ مسلم لیگ ن کے رہنما سوشل میڈیا پر عوام کو جھوٹی تسلیاں دیتے رہے کہ منصوبہ روکا نہیں گیا۔
موسم کی خرابی کے باعث کام سست روی کا شکار ہے جبکہ لِلہ تا جہلم روڈ کی حالت یہ ہوچکی ہے کہ اگر مریض کو کسی دورسرے شہر کے ہسپتال منتقل کرنا ہو تو وہ راستے میں ہی دم توڑ جاتے ہیں۔
اہل علاقہ نے تحصیل پریس کلب پنڈدادنخان کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کے نمائندوں نے ہمارے مسائل حل نہیں کیے بلکہ ہمارے مسائل کو بنیاد بنا کر الیکشن کمپین کرتے ہیں۔ فواد چوہدری نے اپنے دور حکومت میں منصوبہ دیول کیرج وے کا کام شروع تو کروایا لیکن تعمیر کا کام انتہائی سست رہا شاہد وہ اگلے الیکشن کا انتظار کررہے تھے جبکہ مسلم لیگ کے نمائندے تو ووٹوں کے دنوں کے علاوہ نظرہی نہیں آتے۔
کاروباری حلقوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کے باعث اشیاء کی درآمد اور برآمد کے لیے انتہائی دشوری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تحصیل پنڈدادنخان انڈسٹریل زون ہے جہاں چھوٹے بڑے کارخانوں اور فیکٹروں کا را میٹریل آتا اور جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑی گاڑیوں کے مالکان نے روڈ کی حالت زار کی وجہ سے تحصیل پنڈدادنخان کو نظر انداز کرنا شروع کر دیا ہے جس کی وجہ سے کاروبار متاثر ہورہے ہیں جبکہ کان نمک کی سیر کے لیے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں بھی نمایاں کمی آئی ہے جبکہ لِلہ تا جہلم روڈ پر آئے روز حادثات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
چند روز قبل گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن بھی اسی کھنڈر روڈ سے کھیوڑہ سالٹ مائن وزٹ کے لیے آئے تھے جس پر عوام نے سوشل میڈیا پر لِلہ تا جہلم روڈ کھنڈر روڈ کے متعلق سولات کے انبار لگا دیئے تھے کہ شاید اب حکومتی عہدے داروں تک مسائل کی اصل آواز پہنچ سکے۔