جہلم شہر میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے باعث سموگ میں اضافے کے خدشات بڑھنے لگے

جہلم: محکمہ ماحولیات عملاً غیر فعال، ذمہ داران میٹھی نیند سو گئے، شہر میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے باعث سموگ میں اضافے کے خدشات بڑھنے لگے، سموگ کے باعث ٹریفک حادثات سمیت بیماریاں بھی پھیل سکتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر اور گردونواح میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کا باعث بننے والے عوامل جن میں کوڑے کچرے کو آگ لگانا، بھٹہ خشت کی چمنیوں سے نکلنے والے سیاہ دھویں کے بادل اور پولی تھین ، ٹائز وغیرہ کو آگ لگانا شامل ہیں۔
فضائی آلودگی کے باعث شہری، سانس، دمے، آشوب چشم سمیت دیگر مہلک بیماریوں میں مبتلا ہوکر ہسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں جبکہ محکمہ ماحولیات کے ذمہ داران دفتروں تک محدود ہو کر رہ چکے ہیں۔
شہرکی سماجی رفاعی، فلاحی تنظیموں کے عمائدین نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری ماحولیات سے مطالبہ کیا ہے کہ سموگ کی روک تھام کیلئے فصلوں کی باقیات،پولی تھین بیگ،ٹائراور ربڑ جلانے پر پابندی عائد کی جائے تاکہ شہری موذی امراض سے محفوظ رہ سکیں۔