میٹرک نتائج؛ گرلز ہائی سکول دئیوال علاقہ بھر کے نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں پر سبقت لے گیا

پڑی درویزہ: گورنمنٹ گرلز ہائی سکول دئیوال علاقہ بھر کے نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں پر سبقت لے گیا، سکول کی طالبہ ثمرین کنول 1074 نمبر لے کے اپنے سکول کے علاوہ علاقہ بھر کے نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں سے اول رہیں ۔
تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ گرلز ہائی سکول دئیوال تحصیل سوہاوہ سے میٹرک کے سالانہ امتحان 2021-22 میں کل 30 طالبات شامل ہوئیں جن میں سے 26 طالبات کامیاب قرار پائیں ۔ اس طرح سکول کا نتیجہ 87 فیصد رہا، ہونہار طالبہ ثمرین کنول 1074 نمبر حاصل کر کے اول ، طالبہ عارفہ صدیقہ 882نمبروں کے ساتھ دوم جبکہ طالبہ علیشہ ایمان 877 نمبر حاصل کرتے ہوئے اپنی کلاس اور سکول سے سوم پوزیشن پر رہیں۔
علاقہ بھر کے عوامی سماجی حلقوں نے مزکورہ شاندار کامیابی پر گورنمنٹ گرلز ہائی سکول دئیوال کی ہیڈ مسٹریس محترمہ زوجہ عبدالجبار کو بشمول پورے تدریسی عملہ کے خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
نیز علاقہ بھر کے تعلیمی اداروں کے سربراہان نے مشترکہ بیان میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول دئیوال کی ہونہار طالبہ ثمرین کنول اور ہیڈ مسٹریس محترمہ کو دلی مبارک باد پیش کی ہے اور عوامی سماجی حلقوں کے مطابق علاقہ بھر میں نجی تعلیمی اداروں کی بھرمار ہونے کے باوجود ایک سرکاری ادارے کا بڑا اعزاز حاصل کرنا محکمہ تعلیم ضلع جہلم کے لئے بھی ایک بڑا اعزاز ہے۔
عوامی سماجی حلقوں کے مطابق اگر پبلک سیکٹر میں اس طرح کے محنتی اور فعال اساتذہ کرام آئیں گے تو پھر گورنمنٹ گرلز ہائی سکول دئیوال جیسے کئی ہونہار طلباء و طالبات پیدا ہو سکتے ہیں۔